مائیکروسوفٹ کا آؤٹ لک لائٹ بند کرنے کا اعلان، مرکزی ایپ پر منتقل ہونے کا مشورہ

news-banner

تازہ ترین - 14 اپریل 2026

مائیکروسوفٹ نے اعلان کیا ہے کہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بنایا گیا ہلکا ورژن ’آؤٹ لک لائٹ‘ جلد بند کر دیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ ایپ 25 مئی کے بعد کام کرنا بند کر دے گی جس کے بعد صارفین اپنے ای میلز تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔

 

 یہ اقدام مائیکروسافٹ کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ صارفین کو اپنے مرکزی ایپ مائیکروسوفٹ آؤٹ لک موبائل کی طرف منتقل کرنا چاہتا ہے جو زیادہ جدید فیچرز اور بہتر سیکیورٹی فراہم کرتا ہے۔

 

 آؤٹ لک لائٹ خاص طور پر کم طاقت والے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے بنایا گیا تھا لیکن اسے اکتوبر 2025 میں ہی بند کر دیا گیا تھا اور اب محدود رسائی کے بعد مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایپ بند ہونے کے باوجود صارفین کا ڈیٹا جیسے ای میلز، کیلنڈر اور اٹیچمنٹس محفوظ رہے گا اور وہ اسے آؤٹ لک موبائل میں لاگ ان کر کے دوبارہ حاصل کر سکیں گے۔

 

 مائیکروسافٹ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے مرکزی ایپ پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

 واضح رہے کہ مائیکروسوفٹ کی جانب سے آؤٹ لک لائٹ ایپ بند کرنے کے اعلان کے باوجود صارفین کے ای میل اکاؤنٹس محفوظ رہیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جن افراد کے اکاؤنٹس آؤٹ لک یا پرانی سروس ہاٹ میل پر ہیں ان کا ڈیٹا، ای میلز اور فائلیں کسی بھی صورت میں ختم نہیں ہوں گی۔

 

 یہ تبدیلی صرف موبائل ایپ تک محدود ہے جبکہ صارفین اپنے اکاؤنٹس کو پہلے کی طرح براؤزر (جیسے کروم) یا آؤٹ لک موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔