مثالی گاؤں منصوبہ، مزید 7500 دیہات شامل کرنے کی منظوری

news-banner

پاکستان - 15 اپریل 2026

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے دیہی علاقوں کی بہتری سے متعلق مثالی گاؤں اور صاف پانی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

 

اجلاس میں بتایا گیا کہ مثالی گاؤں منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید 7500 دیہات کو شامل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 485 دیہات پر کام جاری ہے۔ 

 

حکام کے مطابق منصوبے کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویلز، نکاسی آب کے نظام اور گندے پانی کے تالابوں کی صفائی شامل ہے۔

 

 اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ) کی صفائی 30 جون تک مکمل کی جائے، جبکہ 31 اگست تک سیپٹک ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیپٹک ٹینکس سے صاف ہونے والا پانی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر 59 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ 

 

منصوبے کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے اور ہر گاؤں کی پہلے اور بعد کی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت اور بحالی، اور آلودہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

 

 اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1336 بھی قائم کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران خوشاب اور چشتیاں میں بوٹلنگ پلانٹس کی تکمیل اور راجن پور میں واٹر سپلائی سکیم کو 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔