پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹس میں کامیاب واپسی، 500 ملین ڈالر کا یورو بانڈ جاری

news-banner

کاروبار - 17 اپریل 2026

پاکستان نے 4 سال کے وقفے کے بعد عالمی کیپٹل مارکیٹس میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے 500 ملین ڈالر کا یورو بانڈ جاری کردیا ہے۔ 

 

یہ یورو بانڈ حکومت کے جی ایم ٹی این پروگرام کے تحت جاری کیا گیا، جس کی مدت 3 سال ہے اور اسے پرکشش شرائط پر پیش کیا گیا۔ 

 

بین الاقوامی سطح پر موجود غیر یقینی معاشی اور جغرافیائی صورتحال کے باوجود اس بانڈ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی حاصل ہوئی، جو پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔ 

 

اس اجرا سے پاکستان کے سرکاری بانڈز کے لیے نئی مالی گنجائش پیدا ہوگی، عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی مزید مضبوط ہوگی اور مستقبل میں قیمتوں کے تعین کے لیے بہتر معیار قائم ہوگا۔

 

 وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان کی مالی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس کا مقصد فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانا اور پائیدار مالیاتی ڈھانچہ مضبوط کرنا ہے۔

 

 مزید بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں جی ایم ٹی این اور بین الاقوامی سکوک پروگرامز کے لیے مالی مشیروں کی تقرری کے عمل کو بھی جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ پانڈا بانڈ پروگرام بھی اجرا کی جانب بڑھ رہا ہے۔

 

 معاشی ماہرین کے مطابق میکرو اکنامک استحکام، اصلاحاتی اقدامات اور سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے باعث پاکستان کا عالمی مارکیٹس میں واپسی کا یہ قدم بہتر معاشی بنیادوں اور مثبت سرمایہ کار اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔