پاکستان - 23 اپریل 2026
سرکاری استعمال کیلئےصرف الیکٹرک بسیں،موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،وزیراعظم
تازہ ترین - 23 اپریل 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی توانائی ضروریات، بچت اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انرجی سیکیورٹی اب ملک کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود بروقت اقدامات اور توانائی کی بچت کے باعث ملک میں کسی بڑے بحران کو جنم نہیں لینے دیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے ماحول دوست پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذرائع آمد و رفت کو بتدریج برقی گاڑیوں (EV) پر منتقل کیا جائے اور آئندہ سرکاری استعمال کے لیے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں۔
اجلاس میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو تیز کرنے، شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کے ذخیرے کے لیے بیٹریوں کی دستیابی آسان بنانے اور مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی بیٹریاں تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (NCMC) روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور غذائی سیکیورٹی بھی مستحکم ہے۔
بریفنگ کے مطابق تیل و گیس کمپنیوں کی کوششوں سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گرڈ سطح پر بیٹری اسٹوریج کے لیے دو تجرباتی منصوبوں کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے۔
گھریلو سطح پر شمسی توانائی استعمال کرنے والوں کو بیٹری اسٹوریج لگانے کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احسن اقبال، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دیکھیں

