سپر ایپ کے تصور کی جانب بڑا قدم: اوپن اے آئی کا جی پی ٹی 5.5 ماڈل متعارف

news-banner

تازہ ترین - 24 اپریل 2026

مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا جدید ترین ماڈل جی پی ٹی 5.5 متعارف کرا دیا ہے جسے کمپنی نے اب تک کے سب سے ذہین اور جدید ماڈلز میں سے ایک قرار دیا ہے۔

 

 کمپنی کے شریک بانی اور صدر گریگ بروک مین کے مطابق اس نئے ماڈل کا بنیادی مقصد مختلف شعبوں میں کارکردگی کو بہتر بنانا ہے اور یہ پیشرفت اوپن اے آئی کے ’سپر ایپ‘ کے تصور کے مزید قریب لے جاتی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گریگ بروک مین نے کہا کہ GPT-5.5 ٹیکنالوجی میں ایک بڑا قدم ہے خاص طور پر ایجنٹک اور خودکار کمپیوٹنگ کے میدان میں۔

 

 یہ ماڈل مختلف شعبوں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں انٹرپرائز سطح پر کوڈنگ، علم کے نظم و نسق اور دیگر جدید شعبے شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 5.5 نے کارکردگی کے تمام سابقہ معیاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب یہ گوگل اور انتھروپک جیسے حریف اداروں کے ماڈلز کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

 گریگ بروک مین کا کہنا تھا کہ یہ ماڈل مستقبل کی کمپیوٹنگ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے اور ہم آنے والے وقت میں مزید بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔ یہ کم وسائل میں زیادہ تیز اور مؤثر انداز میں کام کرتا ہے جس سے کاروباری اداروں اور صارفین دونوں کو فائدہ ہوگا۔

 

 دوسری جانب اوپن اے آئی اور انتھروپک کے درمیان خاص طور پر انتھروپک کے حالیہ سائبر سیکیورٹی ٹول مائیتھوس کے بعد مسابقت مزید تیز ہو گئی ہے۔ 

 

اوپن اے آئی کے ماہرین کے مطابق جی پی ٹی 5.5 کو محفوظ طریقے سے استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ اسے سائبر سیکیورٹی جیسے حساس شعبوں میں ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جا سکے۔ کمپنی کے چیف ریسرچ آفیسر مارک چن کا کہنا ہے کہ اس ماڈل نے سائنسی اور تکنیکی تحقیق میں نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ 

 

مزید برآں، جی پی ٹی 5.5 کمپیوٹر پر مبنی کاموں اور پیچیدہ ورک فلو کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ دوا سازی (ڈرگ ڈسکوری) جیسے اہم شعبوں میں بھی اس کے استعمال کے امکانات روشن ہیں۔ یہ ماڈل چیٹ جی پی ٹی کے پلس، پرو، بزنس اور انٹرپرائز صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جبکہ جی پی ٹی 5.5 پرو صرف پرو، بزنس اور انٹرپرائز صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔ 

 

سپر ایپ ایک ایسی موبائل ایپ ہوتی ہے جو صرف ایک کام تک محدود نہیں ہوتی بلکہ ایک ہی پلیٹ فارم پر بہت سی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ اس میں صارف چیٹ بھی کر سکتا ہے، ادائیگیاں بھی کر سکتا ہے، خرید و فروخت بھی کر سکتا ہے، اور مختلف سروسز جیسے ٹیکسی، فوڈ ڈیلیوری یا آن لائن شاپنگ بھی استعمال کر سکتا ہے۔

 

 یعنی الگ الگ ایپس استعمال کرنے کے بجائے ایک ہی ایپ میں سب کچھ دستیاب ہوتا ہے۔ اس کا مقصد صارف کے لیے آسانی پیدا کرنا اور مختلف خدمات کو ایک ہی جگہ اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔ دنیا میں کچھ ایپس جیسے وی چیٹ، گریب اور گو جیک کو سپر ایپ کی مثالیں سمجھا جاتا ہے لیکن یہ تصور ابھی بھی ترقی کے مرحلے میں ہے اور ہر ملک میں مکمل طور پر ایک جامع سپر ایپ موجود نہیں۔

 

 اوپن اے آئی کا جی پی ٹی خود براہ راست سپر ایپ نہیں بن سکتا بلکہ اسے سپر ایپ میں ایک مرکزی ذہین انجن کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

 مستقبل میں اگر ایک ایسی ایپ بنائی جائے جس میں چیٹ، سرچ، پیمنٹ، شاپنگ، بکنگ اور مختلف ڈیجیٹل سروسز ایک ہی جگہ موجود ہوں اور ان سب کو جی پی ٹی جیسے اے آئی ماڈل کنٹرول اور آسان بنائے تو وہ سپر ایپ کہلائے گی۔ یعنی جی پی ٹی دماغ کا کردار ادا کرے گا جبکہ سپر ایپ وہ مکمل پلیٹ فارم ہوگا جو ان تمام سہولتوں کو ایک جگہ جوڑ دے گا۔