مالی کے وزیرِ دفاع خودکش ٹرک بم دھماکے میں ہلاک

news-banner

دنیا - 27 اپریل 2026

مالی کے وزیرِ دفاع دارالحکومت باماکو کے قریب اپنی رہائش گاہ پر ہونے والے بظاہر ایک خودکش ٹرک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔

 

 متعدد خبر رساں اداروں کے مطابق سادیو کامارا کی ہلاکت ملک بھر میں جہادی شدت پسندوں اور علیحدگی پسندوں کی جانب سے کیے گئے مربوط حملوں کی ایک لہر کا حصہ ہے۔

 

 سرکاری ٹی وی نے چند گھنٹوں بعد ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ حملہ آوروں کا مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اطلاعات کے مطابق مالی میں فوجی حکومت کے سربراہ جنرل اسیمی گوئتا کو ان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

 

 ادھر شمالی علاقے میں مالی کی فوج کی جانب سے معاوضے پر خدمات سر انجام دینے والے روسی فوجیوں نے دو روزہ جھڑپوں کے بعد کڈال شہر سے انخلا پر آمادگی ظاہر کی، یہ بات علیحدگی پسند گروپ ازواد لبریشن فرنٹ کی جانب سے بتائی گئی ہے۔

 

سادیو کامارا مالی کے فوج کے رکن رہ چُکے ہیں اور انھیں فوج کی جانب سے حکومت میں آنے کے بعد وزیرِ دفاع مقرر کیا گیا تھا۔ کامارا کے اہلِ خانہ اور فرانسیسی میڈیا کے حوالے سے خبر رساں اداروں نے بتایا کہ   روز کاتی میں القاعدہ سے منسلک جنگجوؤں کے اس حملے میں کامارا کے خاندان کے کم از کم تین افراد بھی ہلاک ہوئے۔ 

 

حکومتی ترجمان عیسیٰ عثمان کولیبالی نے اتوار کی شام ایک بیان میں کہا کہ کامارا اس وقت ہلاک ہوئے جب ایک خودکُش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سے اُن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔

 

 بیان میں کہا گیا کہ انھوں نے حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا اور ’کچھ کو ہلاک کرنے میں کامیاب رہے، تاہم وہ زخمی ہو گئے اور بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گئے۔