پاکستان - 27 اپریل 2026
پارہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ فعال اور آپریشنل
پاکستان - 27 اپریل 2026
طویل عرصے سے غیر فعال خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پارہ چنار ایئرپورٹ کو پاک فوج، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی کاوشوں سے دوبارہ فعال اور آپریشنل کر دیا گیا۔
ایف ڈبلیو او کی جانب سے ایئرپورٹ کی اَپ گریڈیشن کے بعد 26 اپریل کو پاک آرمی ایوی ایشن کی جانب سے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے علاقے پارہ چنار میں واقع ایئرپورٹ، جو طویل عرصے سے غیر فعال تھا، اب فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی جانب سے کی گئی اَپ گریڈیشن کے بعد دوبارہ فعالیت کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
پارہ چنار ایئرپورٹ کی تعمیر و مرمت علاقے میں ایئر ٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ تفصیلات کے مطابق 26 اپریل 2026 کو پارہ چنار ایئرپورٹ پر پاک آرمی ایوی ایشن کے جانب سے تعمیراتی و اپگریڈیشن ورک کے معیار، رن وے کی فعالیت اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کو جانچنے کے لیے ٹرائلز کیے گئے۔
پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے۔ ٹرائلز کے نتیجے میں ائیر پورٹ رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ سیفٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق قرار دیا گیا۔ ٹرائلز کے دوران مختلف آپریشنل سیناریوز میں ائیر پورٹ اور رن ویز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ان کامیاب ٹرائلز کے بعد پاڑہ چنار ایئرپورٹ کی آپریشنل فعالیت مزید مستحکم ہوگی، جس سے علاقائی رابطوں، ہنگامی رسپانس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
دیکھیں

