پاکستان - 27 اپریل 2026
قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ایرانی سفیر
تازہ ترین - 27 اپریل 2026
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کے اختتام پر حکومتِ پاکستان، مسلح افواج اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں اس دورے کو کامیاب اور محفوظ قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینا اور خطے میں جاری پیش رفت پر مشاورت کرنا تھا۔ سفیر نے بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور جنگ کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ان کے مثبت کردار کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دورے کی طرح اس بار بھی ایرانی وفد کا قیام مکمل طور پر محفوظ، پرامن اور منظم رہا، جو پاکستان کی مؤثر حکمتِ عملی، بہترین منصوبہ بندی اور کامیاب عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے پاکستان کو ایک برادر، دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے اس انتظام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ایرانی سفیر نے اس موقع پر پاک فوج، سکیورٹی اداروں، پولیس، سرکاری اداروں کے اہلکاروں اور بالخصوص اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دوران صبر، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان اور ایران کی دوستی کے اس نعرے کے ساتھ کیا: ’ایران پاکستان دوستی زندہ باد‘۔
دیکھیں

