دنیا - 27 اپریل 2026
پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان - 27 اپریل 2026
پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کی تقریب چین کے صوبہ ہونان کے شہر چھانگشا میں منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے شرکت کی۔
تقریب میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ مفاہمتی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان اہم شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کی مشترکہ کوششوں کا مظہر ہیں۔
پہلی مفاہمتی یادداشت محکمہ بلدیات سندھ اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان طے پائی، جس کے تحت کراچی کو پانی کی فراہمی بڑھانے کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر تعاون کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور چینی کمپنی کے چیئرمین یوہوئی نے دستخط کیے۔
دوسرا معاہدہ محکمہ بلدیات سندھ اور لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن کمپنی کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے طے پایا، جس پر شرجیل انعام میمن اور چینی کمپنی کے چیئرمین چن ژی شین نے دستخط کیے۔
تیسری مفاہمتی یادداشت چائے کے شعبے سے متعلق ہے، جو مسکے اینڈ فیمٹی ٹریڈنگ کمپنی، ہونان ٹی گروپ اور جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی (ہینان) کے درمیان طے پائی۔
پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا جبکہ چینی کمپنیوں کی جانب سے ژو چونگ وانگ اور ہاؤ جیاولونگ نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کا مقصد چائے کی صنعت کی ترقی، اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ علی حسن باروہی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔
دیکھیں

