پاکستان - 28 اپریل 2026
مزدوروں کے جسمانی وذہنی تحفظ کو یقینی بنانا لازمی ہے۔مریم نواز
پاکستان - 28 اپریل 2026
زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کام کی جگہ پر حفاظت اور صحت کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں مزدوروں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کام کی جگہ پر حفاظت، صحت اور ملازمین کی فلاح و بہبود ملک کی ترقی کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ فیکٹریوں اور کارخانوں میں مزدوروں کے جسمانی اور ذہنی تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
مریم نواز شریف نے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کی جگہوں پر حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی حفاظت اور صحت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیکٹریوں اور دفاتر میں سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ ایک صحت مند اور محفوظ کارکن ہی مضبوط قوم کی تعمیر کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی اداروں کے مالکان مزدوروں کی حفاظت کو ترجیح دیں اور ان کی فلاح کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ہر ورکر کی صحت اور سلامتی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کو فروغ دینا ضروری ہے اور ملازمین کے تحفظ کے لیے لیبر قوانین میں ترامیم لائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ راشن کارڈ کے ذریعے 14 لاکھ لیبر کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ رواں مالی سال میں مزید 50 ہزار فیکٹری ورکرز کو راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیبر ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کام کی جگہ پر حادثات کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی معیار کے سیفٹی قوانین پر عمل درآمد لازمی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جو کمپنیاں ملازمین کی صحت اور حفاظت کو نظرانداز کریں گی ان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
دیکھیں

