وزیر خارجہ اسحاق ڈار کاکویتی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

news-banner

تازہ ترین - 02 مئی 2026

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے معاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اس کے وسیع تر اقتصادی مضمرات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری سفارت کاری اور مکالمے کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور باہمی تعاون کے ذریعے پائیدار استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ 


کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے خطے میں امن اور سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ اور عالمی برادری کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت ملے۔