پاکستان - 02 مئی 2026
میرپور میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، وزیراعظم آزاد کشمیر کی بروقت تکمیل کی ہدایت
پاکستان - 02 مئی 2026
میرپور میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت ڈویژنل ترقیاتی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزراء قاسم مجید، یاسر سلطان، چوہدری ارشد حسین، چوہدری اخلاق اور مشیر فہد یعقوب نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل اور ضلعی افسران نے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رتھوعہ ہریام پل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس کی لاگت تقریباً 10 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ پل کی تکمیل کے بعد بڑھتی ہوئی ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے بائی پاس اور سڑکوں کی توسیع کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں منگلا ڈیم متاثرین کے لیے نیو سٹی اور دیگر ٹاؤنز پر پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور عوامی فلاحی منصوبوں میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے گرمیوں کے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ وزیراعظم نے وسائل کے مؤثر استعمال اور ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
مزید برآں، وزیراعظم نے میرپور ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت دی، جبکہ کشمیر کارڈیالوجی سنٹر کو مکمل کارڈیک ہسپتال بنانے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
دیکھیں

