پاکستان - 02 مئی 2026
نواز شریف کا آزاد کشمیر کا اہم دورہ، انتخابی حکمت عملی پر مشاورت متوقع
پاکستان - 02 مئی 2026
مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا اہم دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ مظفرآباد میں دو روز قیام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس 6 اور 7 مئی 2026 کو مظفرآباد میں طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وہ خود کریں گے۔
دورے کے دوران آزاد کشمیر کی جماعتی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں طے ہیں۔ شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر خان سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے لیے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی انتخابی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز بھی متوقع ہے، جبکہ جماعتی رہنماؤں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر کی قیادت کی جانب سے تمام انتخابی حلقوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، جبکہ چند حلقوں کے ٹکٹ حتمی کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارلیمانی بورڈ میں شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم نواز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، محمد صفدر اعوان، برجیس طاہر اور پرویز رشید بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کی تصدیق کر دی ہے، جسے آئندہ انتخابات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

