سرائے نورنگ بازار میں دھماکا،9افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے جاں بحق 9 افراد کی لاشیں نورنگ اسپتال لائی گئی ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال لائے گئے زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران بظاہر یہ ایک خودکش دھماکہ نظر آتا ہے۔دوسری جانب میڈیکل اینڈ ٹیچنک انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی) بنوں کے ترجمان نعمان خان نے بتایا ہے کہ اس دھماکے کے 29 زخمی بنوں لائے گئے ہیں، جن میں سے 15 زخمی ڈسٹرکٹ ہیدڈ کواٹرز ہسپتال بنوں اور پانچ زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی پی او نذیر خان نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جس گاڑی کا استعمال کیا گیا، اس میں 1 من سے زائد بارودی مواد رکھا گیا تھا۔ڈی پی او نذیر خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول اس سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت 7 افراد کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیے ادارے اور حکومت بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیرِ اعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم، ذمے داران کا تعین اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں تھانہ نورنگ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم یکجان ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لکی مروت دھماکے کا نوٹس لے لیا، سہیل آفریدی نے آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔