سابق امریکی میئر کا چین کیلئےغیر قانونی کام کرنے کااعتراف
امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آرکیڈیا کی سابق میئر ایلین وانگ نے چین کے لیے غیر قانونی طور پر کام کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آرکیڈیا کی میئر ایلین وانگ پر امریکی حکام کو بتائے بغیر چینی حکومت کے مفادات کے لیے کام کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، جس کے بعد اُنہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 58 سالہ ایلین وانگ نے یاؤننگ سن نامی ایک شخص کے ساتھ مل کر ایک ویب سائٹ ’یو ایس نیوز سینٹر‘ آپریٹ کی، جس پر چین کے حق میں مواد شائع کیا جاتا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق یاؤننگ سن پہلے ہی غیر قانونی طور پر چین کے مفاد کے لیے کام کرنے کا جرم قبول کرنے کے بعد 4 سال قید کی سزا پا چکے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ایلین وانگ کو ان الزامات کے ثابت ہونے پر عدالت کی جانب سے 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ایلین وانگ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ہماری مؤکلہ اپنی ذاتی زندگی میں کی گئی غلطیوں پر معذرت خواہ ہیں، تاہم ان کے اقدامات کا تعلق ان کی سرکاری ذمے داریوں سے نہیں تھا۔
سابق میئر کے وکلاء کے مطابق ہماری مؤکلہ نے بطور میئر ہمیشہ آرکیڈیا کے لوگوں کی خدمت کی ہے۔