پاکستان نےچین کی مارکیٹ میں بانڈاجرا سے 25 کروڑ ڈالر حاصل کرلئے
پاکستان نے پہلی مرتبہ چین کی مارکیٹ میں بانڈ کے اجرا سے 25 کروڑ ڈالر کا سرمایہ حاصل کیا ہے۔ چین کی کیپٹل مارکیٹ میں جاری کیے گئے پانڈا بانڈ کی مدت تین سال ہے اور اس رقم پر پاکستان ڈھائی فیصد شرح سود ادا کرے گا۔
اس قبل پاکستان گذشتہ کئی برسوں سے یورپی بانڈ مارکیٹ میں باقاعدگی سے یورو بانڈ اور اسلامی بانڈ مارکیٹ میں سکوک بانڈ جاری کرتے رہا ہے لیکن چین کی سرمائے کی مارکیٹ میں پاکستان نے پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ جاری کیے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ چین کی کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان نے پہلی مرتبہ مقامی کرنسی یعنی آر این بی میں بانڈ جاری کیے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خرم شہزاد نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کی مالیت مقامی کرنسی میں ایک ارب 75 کروڑ آر این بی ہے جس کی مالیت ڈھائی کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے پانڈا بانڈ میں غیر معمولی دلچسپی لی اور ڈھائی کروڑ ڈالر کے بانڈ کی خریداری کے لیے ایک ارب 26 کروڑ ڈالر مالیت کی بولیاں یا پیشکش موصول ہوئیں۔
خرم شہزاد کے مطابق طلب سے زیادہ بولیاں موصول ہونا پاکستان کے معاشی استحکام، مالیاتی ڈسیپلن پر چین کے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجرا کا اعلان کیا اور حکومت کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی کیپٹل مارکیٹ میں انٹری سے عالمی کیپٹل مارکیٹس میں اپنی نمائندگی کو بڑھانا چاہتا ہے۔