Pakistan

بشریٰ بی بی،عمران خان کو بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔ ثناء اللّٰہ

بشریٰ بی بی،عمران خان کو بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔ ثناء اللّٰہ
۱ منٹ پہلے

مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان دونوں کو بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔ 

سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور صحت پر بات ہوئی، قانون میں اجازت نہیں ہے کہ ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کریں، کامیاب ہو جائے تو وہ انقلاب کہلاتا ہے ناکام ہوئے تو غداری کہلاتا ہے۔ 

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایک جماعت بار بار وفاق پر حملہ کرے، اس رویے کو بار بار دہرانے سے بہتری نہیں آتی، ریاست مخالف بیانیہ بنایا گیا، اس کا ایک ایک ثبوت دوں گا۔ 

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے بانیٔ پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے، انہیں ان کی مرضی کے ہسپتال کب منتقل کریں گے؟ 

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت سے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی صحت کے حوالے سے سوال کر لیے۔ 

 

محمود خان اچکزئی نے ایوان میں سوال کیا کہ حکومت بتائے بانیٔ پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے؟ اُنہوں نے سوال کیا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ان کی مرضی کےاسپتال کب منتقل کریں گے؟

 

 بیرسٹر گوہر نے محمود خان اچکزئی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 15 دفعہ سپریم کورٹ، 24 دفعہ ہائی کورٹ گئے، ہمیں ریلیف نہیں ملا۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی ملاقات کے لیے نہیں جا سکتا کہ یہ جان سکے کہ اب بانی کی حالت کیسی ہے۔

 

 اس پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کوئی ایسا سیاسی مسئلہ نہیں کہ ایوان یقین دہانی کروائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ روز چاہ رہے تھے کہ اپوزیشن لیڈر کی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہو، بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کوئی بھی مسئلہ ہو حکومت دیکھ رہی ہے۔ 

 

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ سوال بھی کیا گیا کہ رات کو کیوں اسپتال لے جایا گیا تو میڈیکل ایمرجنسی وقت پوچھ کر تو نہیں آتی، جس وقت میڈیکل ایمرجنسی ہوئی بانیٔ پی ٹی آئی کو اسپتال لے جایا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں