Sports

سلہٹ ٹیسٹ: بنگلا دیش دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ، پاکستان کو جیت کیلئے437 رنز کا ہدف

سلہٹ ٹیسٹ: بنگلا دیش دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ، پاکستان کو جیت کیلئے437 رنز کا ہدف
۱۰ گھنٹے پہلے

سلہٹ  : بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن فلاپ ہو گئی اور قومی ٹیم پر وائٹ واش کا ایک اور خطرہ منڈلانے لگا۔ 

سلہٹ میں پاکستان کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کی بدولت اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 436 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوئی۔ پہلی اننگز کے خسارے کو ملا کر اب پاکستان کو یہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے ریکارڈ 437 رنز بنانا ہوں گے۔ 

بنگلہ دیش کی شاندار بیٹنگ اور مضبوط گرفت کے بعد اب پاکستانی بلے بازوں کے لیے کریز پر ٹکنا اور اس میچ کو ہار سے بچانا ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ سلہٹ کی پچ پر چوتھے اور پانچویں دن اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کرنا پاکستان کے لیے کسی کڑے امتحان سے کم نہیں ہوگا۔ 

بنگلا دیش نے میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 110 رنز 3 وکٹوں سے کیا۔ کپتان نجم الحسن شنتو اور مشفق الرحیم نے کھیل کو آگے بڑھایا، تاہم 115 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو چوتھا جھٹکا لگا جب نجم الحسن شنتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

اس سے قبل دوسرے روز کھیل کے اختتام پر محمود حسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تنزید حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اب تک 3 اور محمد عباس 1 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ 

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلا دیش کے 278 رنز کے جواب میں 232 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے ہوم ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ 

پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز سے کیا تھا لیکن دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے۔ اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

پاکستان کے دیگر بلے بازوں میں کپتان شان مسعود 21، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ساجد خان نے 38، حسن علی نے 18 اور خرم شہزاد نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

بنگلا دیش کی طرف سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

میچ کے پہلے روز بنگلا دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس میں لٹن داس کی 126 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔ پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ 

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلا دیش کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جہاں اس نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں