Pakistan

دعا ہے فیلڈ مارشل امن کی کوششوں میں کامیاب ہوجائیں، بلاول بھٹو زرداری

دعا ہے فیلڈ مارشل امن کی کوششوں میں کامیاب ہوجائیں، بلاول بھٹو زرداری
۱ منٹ پہلے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ فیلڈ مارشل امن کی کوششوں میں کامیاب ہوں، کیونکہ خطے میں امن کی کوششوں کا کامیاب ہونا انتہائی ضروری ہے۔

 

گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران میں اسکول پر میزائل حملے کے نتیجے میں بچوں کی شہادت افسوسناک ہے، اور اس جنگ کا بوجھ صرف ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے عوام اٹھا رہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی ایسا سیاست دان نہیں جس نے ان کی طرح پورے ملک کے دورے کیے ہوں، وہ گلگت بلتستان کی ہر تحصیل تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں خوشی کا ماحول تھا جبکہ اس بار سوگ کی کیفیت ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) ملک کا واحد پروگرام ہے جو ہر غریب گھر تک پہنچتا ہے، اور اس کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں دیگر ممالک کے لیے فوجی اڈے بنے، مگر ان کے دور میں ایسا نہیں ہوا۔ پاکستان کو ایٹمی قوت ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا اور میزائل پروگرام بے نظیر بھٹو نے دیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دفاعی اور معاشی طور پر مضبوط ہونا چاہیے، لیکن ایسی معاشی پالیسی قبول نہیں جس میں امیر مزید امیر اور غریب مزید غریب ہو جائے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں ہر چیز اسلام آباد سے چلانے کی کوشش کی گئی، جبکہ گلگت بلتستان کو اس کا حقِ ملکیت دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ مقامی لوگوں کو منصوبوں میں ملکیت اور حصہ داری دی جائے، جیسا کہ سندھ میں تھر کول منصوبے میں کیا گیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے جس کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں پکے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں جو خواتین کے نام پر ہوں گے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں 70 کی دہائی میں کیے گئے سروے کے مطابق یہاں سے 50 ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، لیکن اس صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کرے گی۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے کہ 7 جون کے انتخابات میں عوام تیر کے نشان پر مہر لگائیں گے تاکہ انہیں اپنے حقوق مل سکیں اور گلگت بلتستان میں صحت کے جدید نظام کے ذریعے مفت علاج ممکن بنایا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں