سپین سے بھی شکست،ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں مسلسل دسویں ناکامی
ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، سپین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم کو 5-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو پرو لیگ میں پاکستان کی مسلسل دسویں ناکامی ہے۔
بیلجئم میں جاری پرو لیگ مرحلے کے دوران پاکستان کے خلاف اسپین کی ٹیم شروع ہی سے حاوی رہی۔ پہلے کوارٹر میں نکولس الواریز نے گول اسکور کرکےسپین کو برتری دلائی۔
دوسرے کوارٹر میں پیپ کنل نے سات منٹ کے اندر دو گول کرکے برتری 0-3 تک بڑھا دی، جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے واپسی کی کوشش کی اور ابوبکر محمود نے 43 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول سکور کیا، تاہم اس کے بعد پاکستان مزید گول نہ کرسکا۔
آخری کوارٹر میں اسپین نے مزید دو گول اسکور کرکے اسکور 5-1 کردیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔
یہ پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں مسلسل دسویں شکست ہے، جبکہ قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 18 جون کو بیلجئم کے خلاف کھیلے گی۔