ورلڈ کپ ، جرمنی،سوئیڈن،آئیوری کوسٹ کی فتوحات، جاپان اور نیدرلینڈز کا میچ ٹائی
فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے مقابلوں میں دلچسپ نتائج سامنے آئے جہاں سوئیڈن نے تیونس کو 5-1 سے شکست دے دی، جاپان اور نیدرلینڈز کا میچ 2-2 سے برابر رہا، جرمنی نے کوراساؤ کو 7-1 سے ہرا دیا جبکہ آئیوری کوسٹ نے ایکواڈور کو 1-0 سے شکست دے دی۔ ان نتائج نے گروپ مرحلے میں سنسنی اور سخت مقابلے کی فضا قائم کر دی۔
سوئیڈن بمقابلہ تیونس
سوئیڈن نے شاندار جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیونس کو 5-1 سے شکست دی۔سوئیڈن کی جانب سے یاسین ایاری نے دو گول کیے جبکہ الیگزینڈر اساک، وکٹر گیوکرز اور میٹیاس سوانبرگ نے ایک، ایک گول سکور کیا۔تیونس کی طرف سے واحد گول عمر ریکیک نے کیا۔اس کامیابی کے بعد سوئیڈن گروپ ایف میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
نیدرلینڈز بمقابلہ جاپان
نیدرلینڈز اور جاپان کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔نیدرلینڈز کی جانب سے ویرجل فان ڈائیک اور کرسینسیو سمرول نے گول کیے جبکہ جاپان کے لیے کیتو ناکامورا اور کوکی اوگاوا نے سکور برابر کیا۔میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا اور ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا۔
جرمنی بمقابلہ کوراساؤ
جرمنی نے کوراساؤ کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں 7-1 سے کامیابی حاصل کی۔جرمنی کے لیے فیلکس نمیشا، نیکو شلوٹر بیک، کائی ہاورٹز نے دو گول، جمال موسیالا، ناتھنئیل براؤن اور ڈینز اونداف نے ایک ایک گول سکور کیا۔کوراساؤ کی جانب سے واحد گول لیوانو کومینیشیا نے کیا۔
آئیوری کوسٹ بمقابلہ ایکواڈور
آئیوری کوسٹ نے سخت مقابلے کے بعد ایکواڈور کو 1-0 سے شکست دی۔میچ کا فیصلہ کن گول اماد ڈائیلو نے 90ویں منٹ میں سکور کیا جس سے ٹیم کو اہم کامیابی حاصل ہوئی۔