جی بی اسمبلی، پیپلزپارٹی، ن لیگ اور آئی پی پی میں اتحاد، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بلامقابلہ منتخب
گلگت بلتستان (جی بی) اسمبلی میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان سیاسی اتحاد قائم ہو گیا، جس کے بعد تینوں جماعتوں کی مشترکہ حمایت سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر نذیر احمد کے مطابق پیپلزپارٹی کے عمران ندیم بلامقابلہ نئے سپیکر جی بی اسمبلی منتخب ہو گئے، جبکہ ن لیگ کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب قرار پائے۔
سپیکر نذیر احمد نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد رکن نے بھی اس انتخاب کی مخالفت نہیں کی، جس کے باعث دونوں اہم آئینی عہدوں کا انتخاب بغیر مقابلے کے مکمل ہوا۔
ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے صوبائی سیاسی منظرنامے میں نئی صف بندی سامنے آ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں پیپلزپارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گلگت بلتستان میں مشترکہ حکومت سازی کی دعوت دی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش قبول کر لی اور حکومت سازی کے عمل میں تعاون پر اتفاق کیا۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی ہے اور پارٹی گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ، سپیکر اور دیگر اہم عہدوں کے انتخاب میں بھرپور تعاون کرے گی تاکہ اتحاد بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کر سکے۔