فرانس میں شدید گرمی، 3 افراد ہلاک، اسپین، اٹلی اور بیلجیم میں وارننگ جاری
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ملک کے نصف سے زائد علاقوں میں ریڈ ہیٹ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ جنوب مغربی فرانس میں شدید گرمی کے باعث اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیرس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گرمی کی غیر معمولی شدت کے باعث سیکڑوں اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ فرانس کے 96 انتظامی ریجنز میں سے 49 میں شدید گرمی کا ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مغربی فرانس کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ شدید موسمی حالات کے باعث متعدد ٹرین سروسز کو بھی محدود یا متاثر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے علاوہ اسپین، اٹلی، بیلجیم اور برطانیہ میں بھی شدید گرمی کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی گئی ہے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔
رپورٹس کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور شہر بوردو میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ اور ویلز میں شدید گرمی کے بعد برطانوی محکمہ موسمیات نے ریڈ وارننگ جاری کر دی ہے۔ لندن سے میڈیا رپورٹس کے مطابق گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ کر بعض مقامات پر 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے حوالے سے پہلے ہی ایمبر وارننگ جاری کی جا چکی تھی، جبکہ ریڈ وارننگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور بجلی، سڑکوں اور ریلوے نظام متاثر یا بند ہو سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریڈ وارننگ سینٹرل انگلینڈ، سدرن انگلینڈ، ساوتھ ایسٹ انگلینڈ اور ساوتھ ویلز کے لیے جاری کی گئی ہے۔