Entertainment

بغیر اجازت تصاویر شیئر کرنا نجی زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے،عائشہ عمر

بغیر اجازت تصاویر شیئر کرنا نجی زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے،عائشہ عمر
۱۸ گھنٹے پہلے

معروف اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے کئی برس بعد اپنے ساحل پر چھٹیاں منانے کے دوران لیک ہونے والی نجی تصاویر کے تنازع پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تصاویر کو ان کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو اپنی نجی زندگی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 

عائشہ عمر نے حال ہی میں بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی قریبی دوست اور اداکارہ ماریہ وسطی کے ساتھ تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزار رہی تھیں جب اچانک ان کی نجی تصاویر لیک ہو کر آن لائن پھیل گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تصاویر میں وہ مختلف انداز میں نظر آ رہی تھیں، جن میں ایک تصویر میں وہ سوئمنگ سوٹ پہنے ہوئے تھیں جبکہ دیگر تصاویر میں وہ گرمیوں کے لباس اور اسکرٹس میں موجود تھیں۔

 

اداکارہ کے مطابق ان تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد انہیں شدید تنقید اور منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے اثرات ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کئی پروڈیوسرز خواتین کے بارے میں مخصوص سماجی تاثر کو زیادہ اہمیت دیتے تھے، جس کی وجہ سے انہیں کئی پروجیکٹس سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔

 

عائشہ عمر نے واضح کیا کہ غیر ازدواجی تعلقات سے متعلق ان کے بارے میں پھیلایا گیا بیان مکمل طور پر جھوٹ اور بے بنیاد ہے اور انہوں نے اسے “بکواس” قرار دیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کی نجی تصاویر یا ڈیٹا کو اس کی اجازت کے بغیر شیئر کرنا اس کی پرائیویسی اور رضامندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسی وجہ سے وہ اب ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے ساتھ مل کر نجی ڈیٹا اور تصاویر کے غلط استعمال کے خلاف آگاہی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

 

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ کئی سال بعد اس موضوع پر بات کرنے کا مقصد صرف اپنی کہانی بیان کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں یہ شعور پیدا کرنا بھی ہے کہ کسی کی نجی معلومات یا تصاویر کو بغیر اجازت پھیلانا ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے دور رس اور منفی اثرات ہو سکتے ہیں۔

 

اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء اور تبصرے سامنے آ رہے ہیں، جہاں کچھ لوگ ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ مختلف رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں