Entertainment

مامیا شاہ جعفراورارسلان بٹ کا تنازع عدالت سے باہر طے

مامیا شاہ جعفراورارسلان بٹ کا تنازع عدالت سے باہر طے
۱۷ گھنٹے پہلے

پاکستانی اداکارہ مامیا شاہ جعفر اور اداکار ارسلان بٹ کے درمیان جاری قانونی تنازع کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، اور دونوں فریقین نے باہمی رضامندی سے عدالت سے باہر معاملہ طے کر لیا ہے۔

 

مامیا شاہ جعفر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ڈرامہ “کالج گیٹ” اور “میسنی” سے کیا۔ ابتدائی پروجیکٹس میں اپنی اداکاری کے باعث وہ ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ وہ اپنی بے باک شخصیت اور واضح اندازِ گفتگو کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔

 

کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں مامیا شاہ جعفر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک ساتھی فنکار کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور انہوں نے اس واقعے کے خلاف فوری طور پر آواز اٹھائی تھی۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ڈرامہ “میسنی” کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔

 

بعد ازاں اس معاملے میں ارسلان بٹ کا نام سامنے آیا، تاہم انہوں نے ایک الگ انٹرویو میں ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔ اس کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان تنازع بڑھا اور معاملہ قانونی چارہ جوئی تک جا پہنچا، جہاں ایک دوسرے کو قانونی نوٹسز بھی بھجوائے گئے۔

 

اب ارسلان بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاملہ عدالت سے باہر حل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق مامیا شاہ جعفر نے اپنے تمام الزامات واپس لے لیے ہیں، جبکہ انہوں نے بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں دائر شکایات اور ہتکِ عزت کے مقدمات سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

 

ارسلان بٹ نے مزید کہا کہ تصفیے کی تمام تفصیلات فریقین کے درمیان طے پا چکی ہیں اور انہوں نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کو مزید بحث کا حصہ نہ بنایا جائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں