Breaking News

حکومت پاکستان نیوی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے،شہباز شریف

حکومت پاکستان نیوی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے،شہباز شریف
۱ منٹ پہلے

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نیوی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ملکی بحری دفاعی صلاحیت میں اضافہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

پاکستان نیول اکیڈمی میں 125 ویں مڈ شپ مین اور 33 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

 

کراچی میں نیول اکیڈمی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، معززین اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین نے بھی شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو دیکھ کر خوشی ہوئی اور پاس ہونے والے تمام کیڈٹس اور اعزاز حاصل کرنے والے افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نیوی کا کردار شاندار رہا اور ملک کے دفاع میں بحری افواج کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت میں دوست ممالک کے تعاون کو بھی سراہا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی جبکہ پاکستان بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے اور افواجِ پاکستان اس خطرے کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

 

تقریب کے اختتام پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈ شپ مین عمر مختار کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈ شپ مین ہادی عباس خان کے نام رہی۔ آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل جبکہ شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں