بنگلورو میں اداکارہ کے فلیٹ سے تاجر کی لاش برآمد
کرشی تھاپندا کے بنگلورو میں واقع فلیٹ سے ایک 45 سالہ تاجر کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی کی شناخت ویشاک کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں اداکارہ کا قریبی دوست قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق لاش 24 جون کی رات راج راجیشوری نگر کے علاقے میں واقع اپارٹمنٹ سے ملی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متوفی ذہنی دباؤ اور افسردگی کا سامنا کر رہا تھا اور وہ اکثر اداکارہ کے فلیٹ آتا جاتا تھا۔ واقعے کے وقت اپارٹمنٹ میں وہ اکیلا موجود تھا۔
حکام کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل ویشاک نے کرشی تھاپندا سے رابطہ کیا اور مبینہ طور پر اپنی زندگی ختم کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ نے فوری طور پر اہلِ خانہ کو آگاہ کیا، تاہم ان کے پہنچنے سے پہلے ویشاک انتقال کر چکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی تحریری نوٹ یا وڈیو پیغام برآمد نہیں ہوا، اس لیے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ویشاک کے والد کی شکایت پر پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات اور حالات واضح ہو سکیں۔