Pakistan
لوئر دیر: 19 سالہ لڑکی کے قتل کیس میں کزن گرفتار، چچا کی تلاش
لوئر دیر میں 19 سالہ لڑکی کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مقتولہ کے کزن کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے چچا کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق لڑکی کو تین روز قبل رباط کے علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد لاش کو مبینہ طور پر خفیہ طور پر دفن کر دیا گیا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں لڑکی کی لاش گھر کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ مرکزی ملزم سمجھے جانے والے چچا کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق مزید شواہد اور تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد مقدمے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔