Sports

اولمپکس 2028: آئی سی سی نے کرکٹ کے لیے نیا کوالیفائنگ نظام متعارف کرا دیا

اولمپکس 2028: آئی سی سی نے کرکٹ کے لیے نیا کوالیفائنگ نظام متعارف کرا دیا
۹ گھنٹے پہلے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کے لیے کوالیفائنگ نظام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ پہلی مرتبہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر مقابلہ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

نئے نظام کے تحت لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں مردوں اور خواتین کے ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں چھ، چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے کم از کم ایک ایک ٹیم کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مختلف خطوں کی شمولیت برقرار رکھی جا سکے۔

 

اعلان کے مطابق پانچ ٹیمیں آئی سی سی کے موجودہ مقابلوں اور ٹوئنٹی 20 درجہ بندی کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے اہل قرار پائیں گی، جبکہ آخری نشست 2027 میں منعقد ہونے والے نئے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر مقابلے کے ذریعے دی جائے گی۔

 

خواتین کے جاری ٹوئنٹی 20 عالمی کپ 2026 کے نتائج کے بعد آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقا اور برطانیہ نے اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے، کیونکہ یہ اپنے اپنے براعظموں کی سب سے کامیاب اہل ٹیمیں قرار پائیں۔ برطانیہ کی نمائندگی انگلینڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

 

آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز چونکہ کئی کیریبین ممالک کی مشترکہ کرکٹ ٹیم ہے، اس لیے وہ براہ راست اولمپکس میں شرکت کی اہل نہیں ہوگی کیونکہ اولمپکس میں شرکت قومی اولمپک کمیٹیوں کی بنیاد پر ہوتی ہے۔

 

تاہم اگر ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں مقررہ مدت تک ابتدائی آٹھ درجوں میں برقرار رہتی ہیں تو ایک علیحدہ کیریبین کوالیفائنگ مقابلہ منعقد کیا جائے گا جس کے ذریعے خطے کی نمائندہ ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

 

اعلان کے مطابق میزبان ملک امریکا بھی مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں مردوں اور خواتین دونوں مقابلوں میں براہ راست شرکت کا اہل ہوگا، جبکہ آخری کوالیفائنگ مرحلے میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

 

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کھیل کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، جو دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت بڑھانے اور نئے شائقین تک اس کھیل کو پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں