معروف عالمِ دین مولانا سید سلمان حسینی ندوی انتقال کر گئے
بھارت کے ممتاز عالمِ دین، مصنف اور خطیب مولانا سید سلمان حسینی ندوی 72 برس کی عمر میں لکھنؤ میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر ان کے سرکاری سماجی رابطہ صفحے کے ذریعے جاری کی گئی۔
جاری بیان کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین نمازِ عصر کے بعد جامعہ سید احمد شہید کٹولی ملیح آباد میں ادا کی جائے گی۔
مولانا سید سلمان حسینی ندوی برصغیر کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ دینی، تعلیمی، فکری اور بین الاقوامی علمی حلقوں میں ان کی خدمات کو نمایاں اہمیت حاصل تھی اور انہیں ایک مؤثر مذہبی و فکری شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔
ان کے انتقال کی خبر کے بعد پاکستان، بھارت اور دیگر ممالک سے علماء، مذہبی اداروں اور مختلف سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مولانا سید سلمان حسینی ندوی عربی، اردو اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔ انہوں نے سیرت، حدیث، فقہ، دعوت، اسلامی فکر اور عصری موضوعات پر متعدد کتابیں اور تحقیقی مضامین تحریر کیے۔
وہ اپنی علمی خدمات کے ساتھ ساتھ مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی خطابت کا انداز علمی، مؤثر اور دل نشین سمجھا جاتا تھا، جس کے باعث برصغیر سمیت مختلف ممالک میں ان کے خطابات کو وسیع پذیرائی حاصل ہوئی۔