نوعمر لڑکے کی چھتری سے مشہور چینی ’گلاس برج‘ کا پینل ٹوٹ گیا
چین کے صوبے ہینان میں واقع باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کے شیشے سے بنے پلیٹ فارم پر ایک نوعمر لڑکے کی جانب سے چھتری کی نوک مارنے سے شیشے کے پینل کی اوپری حفاظتی تہہ میں دراڑ پڑ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیشے کے پلیٹ فارم پر دراڑ پڑنے کے بعد انتظامیہ نے احتیاطاً تمام سیاحوں کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا۔
انتظامیہ کے مطابق پلیٹ فارم تین تہوں پر مشتمل حفاظتی شیشے سے تیار کیا گیا ہے۔ چھتری کی نوک سے پہنچنے والا نقصان صرف اوپری حفاظتی تہہ تک محدود رہا، جبکہ نیچے کی دونوں مضبوط تہیں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے پلیٹ فارم کی مضبوطی یا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی اور کوئی جانی نقصان بھی پیش نہیں آیا۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ شیشے کے پینل کی تبدیلی کے لیے اصل تیار کنندہ ادارے سے نیا پینل منگوایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شیشے کی سطح پر کسی بھی نوک دار چیز سے ضرب لگانے یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔
واضح رہے کہ باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کو 2024ء میں چین کے اعلیٰ ترین 5A سیاحتی درجے سے نوازا گیا تھا۔