ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کی شادی کی تقریبات کا آغاز
عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلس کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، جو کئی روز تک جاری رہیں گی۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے معروف میڈیسن اسکوائر گارڈن میں جمعرات کو ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جسے ریہرسل ڈنر قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ منتظمین نے تقریب کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم ذرائع کے مطابق اسی تقریب سے شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا، جبکہ مرکزی شادی کی تقریب جمعہ کو منعقد ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی تقریب میں پہلے مہمانوں کے لیے کاک ٹیل آور رکھا جائے گا، اس کے بعد شادی کی رسمی تقریب اور آخر میں استقبالیہ (ریسپشن) منعقد کیا جائے گا۔
اس جوڑے کے مداح اس شادی کو شاہی تقریب قرار دے رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے باعث تقریب کی اندرونی سرگرمیوں کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔
میڈیسن اسکوائر گارڈن میں تقریب سے قبل بڑی مقدار میں آرائشی سامان، درختوں کی شاخیں، مشروبات اور دیگر سامان پہنچایا گیا، جبکہ جمعرات کی شام عمارت کو ہلکے جامنی (لائلک) رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا، جسے مداحوں نے ٹیلر سوئفٹ کے پسندیدہ رنگ سے منسوب کیا۔
جامنی رنگ ٹیلر سوئفٹ کی شناخت سمجھا جاتا ہے، جو ان کے متعدد البمز، خصوصاً Speak Now اور Taylor’s Version میں نمایاں طور پر استعمال ہوا ہے۔
شادی کی تقریب کے مقام کے باہر مداحوں اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد موجود ہے، تاہم سخت سیکیورٹی کے باعث کسی کو بھی اندر کی جھلک دیکھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت ہال کی کھڑکیوں پر بڑے پردے نصب کیے گئے ہیں، مہمانوں کی گاڑیوں کے شیشے مکمل طور پر سیاہ ہیں، داخلی راستوں پر خیمے لگائے گئے ہیں، جبکہ شناختی کارڈ کی جانچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ پولیس نے اطراف کے راستوں پر رکاوٹیں بھی قائم کر دی ہیں۔
مزید یہ کہ شادی میں شریک تمام مہمانوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور سامان فراہم کرنے والوں کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ تصاویر اور ویڈیوز قبل از وقت سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جا سکیں۔
امریکی اخبار USA Today سے وابستہ رپورٹر برائن ویسٹ نے سی این این کو بتایا کہ عوام کو شادی کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا ہوگا اور ٹیلر سوئفٹ اپنی شادی کی تصاویر اسی وقت شیئر کریں گی جب وہ خود مناسب سمجھیں گی۔