بالکل انسانوں جیسے نظر آنے والے انوکھے روبوٹس متعارف
کیا آپ کسی ایسے روبوٹ کو دوست بنانا پسند کریں گے جو دیکھنے اور برتاؤ میں حقیقی انسان جیسا محسوس ہو؟
چینی کمپنی یو بی ٹیک نے ایسے جدید ہیومنائیڈ روبوٹس متعارف کرائے ہیں، جو شکل و صورت اور حرکات میں انسانوں سے کافی مشابہت رکھتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ان الٹرا بائیونک ہیومنائیڈ روبوٹس میں سیلیکون سے تیار کی گئی مصنوعی جلد استعمال کی گئی ہے، جس سے ان کا چہرہ قدرتی اور حقیقت سے قریب محسوس ہوتا ہے۔
ان روبوٹس کی آنکھیں سامنے موجود شخص کا تعاقب کر سکتی ہیں، پلکیں جھپکتی ہیں اور چہرے کے تاثرات بھی انسانی انداز سے ملتے جلتے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کا جسم 88 ڈگری تک گھوم سکتا ہے اور یہ انسانوں کی طرح قدرتی انداز میں حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان روبوٹس کو چین میں ایک خصوصی تقریب کے دوران متعارف کرایا گیا، جہاں انہیں تین مختلف ماڈلز یو 1 لائٹ، یو 1 پرو اور یو 1 الٹرا کی صورت میں پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران یو 1 الٹرا روبوٹ اسٹیج پر آیا، حاضرین سے گفتگو کی اور ایک انسان کے ساتھ رقص بھی کیا، جس نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
کمپنی کے مطابق یہ روبوٹس مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس ہیں، انسانی جذبات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے مطابق ردعمل دے سکتے ہیں۔
انہیں بنیادی طور پر معاونت اور تحفظ فراہم کرنے والے روبوٹس کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ انسانی گفتگو کا جواب ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔