Pakistan

سانحہ گل پلازہ، تنویر پاستا سمیت ملزمان کی ضمانت منظور

سانحہ گل پلازہ، تنویر پاستا سمیت ملزمان کی ضمانت منظور
۱ دن پہلے

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے سانحہ گلا پلازہ کیس میں تنویر پاستا اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔

 

جج ساؤتھ اسلم شیخ نے 11 سالہ ملزم حذیفہ کی 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، جبکہ دیگر ملزمان کو فی کس 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

 

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کم عمر ملزم حذیفہ کی درخواست اس عدالت میں کیوں دائر کی گئی ہے؟ اس پر ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ملزمان کے خلاف ایک ہی مقدمہ ہے، اس لیے درخواست بھی اسی عدالت میں دائر کی گئی۔

 

عدالت نے مزید سوال کیا کہ کم عمر ملزم کا اس مقدمے میں کیا کردار ہے؟ اس پر وکیل نے کہا کہ اس واقعے میں 72 افراد جان کی بازی ہار گئے، لیکن پولیس نے آدھے صفحے کی چارج شیٹ میں کیس نمٹا دیا اور کسی بھی متعلقہ سول ادارے پر ذمہ داری عائد نہیں کی۔

 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کر کے پہلے ہی رعایت دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ چارج شیٹ دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے اور انہی اعتراضات کے ساتھ دوبارہ جمع کرائی گئی ہے۔

 

عدالت نے واضح کیا کہ کم عمر ملزم کا مقدمہ چلانے کا اختیار اس عدالت کے پاس نہیں، کیونکہ بچوں کے مقدمات کے لیے الگ عدالت مقرر ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں