گوگل میپس کا بلیو ڈاٹ کبھی بڑا اور کبھی چھوٹا کیوں ہو جاتا ہے؟
آپ کسی نئے مصروف شہر میں نیوی گیشن کر رہے ہوں یا اپنے آبائی علاقے میں کسی جگہ کو تلاش کر رہے ہوں، گوگل میپس اب روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
گوگل میپس میں متعدد ایسے فیچرز موجود ہیں جو اجنبی مقامات پر راستہ تلاش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
جب بھی آپ گوگل میپس کھول کر روٹ لوڈ ہونے کا انتظار کرتے ہیں تو اسکرین پر نیلے رنگ کا ایک نقطہ (بلیو ڈاٹ) نظر آتا ہے، جو آپ کی موجودہ لوکیشن کی نمائندگی کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بلیو ڈاٹ کا سائز مسلسل تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ کبھی یہ ایک بڑے نیم شفاف دائرے کی صورت میں نظر آتا ہے اور پھر دوبارہ ایک چھوٹے نقطے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
اس تبدیلی کی وجہ دراصل گوگل میپس کا ایک اہم فیچر ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایپ کو آپ کی موجودہ لوکیشن کے بارے میں کتنا یقین ہے۔
اسمارٹ فون جی پی ایس سیٹلائٹس، موبائل ٹاورز اور قریبی وائی فائی نیٹ ورکس کی مدد سے آپ کی لوکیشن کا تعین کرتا ہے۔
جب یہ تمام سگنلز مضبوط اور درست ہوں تو گوگل میپس آپ کی بالکل درست (Pinpoint) لوکیشن دکھاتا ہے، لیکن اگر سگنلز کمزور ہوں یا کسی رکاوٹ کا سامنا ہو تو ایپ صرف اندازہ لگا سکتی ہے کہ آپ کس علاقے میں موجود ہیں۔
اسی لیے بڑا بلیو ڈاٹ یا اس کے گرد بڑا نیم شفاف دائرہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ لوکیشن میں غلطی کا امکان موجود ہے، جبکہ چھوٹا بلیو ڈاٹ اس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ گوگل میپس کو آپ کی درست موجودہ لوکیشن معلوم ہے۔