Pakistan

لیبیا سے بے دخل 175 پاکستانیوں اورانسانی سمگلروں کے خلاف مقدمات درج

لیبیا سے بے دخل 175 پاکستانیوں اورانسانی سمگلروں کے خلاف مقدمات درج
۴ گھنٹے پہلے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لیبیا سے بے دخل کیے گئے 175 پاکستانیوں اور مبینہ انسانی سمگلروں کے خلاف 48 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

 

ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل نے ملک کے 7 زونز میں ان مقدمات کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔

 

حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں 24 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 49 ڈی پورٹ افراد اور 37 ایجنٹ نامزد ہیں۔ اسلام آباد اور کوہاٹ میں 9، 9 مقدمات درج کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 73 افراد اور ان کے مبینہ ایجنٹ شامل ہیں۔

 

فیصل آباد میں 3 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 24 ڈی پورٹ افراد اور 11 ایجنٹ نامزد کیے گئے، جبکہ لاہور میں 2 مقدمات کے ذریعے 9 افراد اور 11 ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

 

اسی طرح پشاور اور کراچی میں بھی ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا، جن میں 44 ڈی پورٹ افراد اور 26 ایجنٹ نامزد ہیں۔

 

تحقیقات کے مطابق تمام 175 افراد یورپ غیر قانونی طریقے سے پہنچنے (ڈنکی لگانے) کی غرض سے ویزے پر لیبیا گئے تھے۔

 

لیبیا کے حکام نے قانونی قیام کی وجہ نہ ہونے پر انہیں حراست میں لیا اور بعد ازاں 25 مئی کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں