افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام
ازبکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو کلوگرام سے زائد افیون برآمد کر لی۔ حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔
ازبک میڈیا کے مطابق ازبکستان کی ریاستی سکیورٹی سروس نے افغانستان سے متصل سرحد پر ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے دریائے آمو کے افغان کنارے سے ایک ڈرون کے ساتھ دو کلوگرام سے زائد افیون باندھ کر اسے ازبکستان کے صوبہ سرخندریا کی جانب روانہ کیا۔ تاہم سکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل کے نتیجے میں ڈرون کو اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر قبضے میں لے لیا گیا۔
ریاستی سکیورٹی سروس کے مطابق واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ڈرون روانہ کرنے والوں کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ڈرون کے لانچنگ مقام، منشیات کی متوقع منزل اور سرخندریا میں ممکنہ سہولت کاروں کا بھی تعین کیا جائے گا۔
ازبک حکام کے مطابق طالبان کے افغانستان میں دوبارہ برسرِ اقتدار آنے کے بعد ملک میں افغانستان سے آنے والی منشیات کی متعدد کھیپیں پکڑی جا چکی ہیں، تاہم ڈرون کے ذریعے سرحد پار منشیات اسمگل کرنے کی یہ پہلی رپورٹ ہے۔