World

چین نے امریکی انتخابات میں مداخلت سے متعلق ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے

چین نے امریکی انتخابات میں مداخلت سے متعلق ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے
۵ گھنٹے پہلے

چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی انتخابات میں مداخلت اور الیکشن ڈیٹا ہیک کرنے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ چین کو امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور اس نے کبھی ایسا نہیں کیا۔

 

بیجنگ میں چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد چین کو بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل کرتا ہے۔

 

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ چین نے 2020ء کے صدارتی انتخابات کے ڈیٹا میں مداخلت کی اور امریکی عوام میں ان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ٹرمپ نے اس حوالے سے خفیہ دستاویزات فوری جاری کرنے کا اعلان بھی کیا اور کانگریس سے ’ووٹر آئی ڈی سیو امریکا ایکٹ‘ منظور کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ اپنی تقریر نشر نہ کرنے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کی بات بھی کی۔

 

واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں