Breaking News

پاکستان،قطر کا داخلی سلامتی وسکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان،قطر کا داخلی سلامتی وسکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور قطر نے داخلی سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون اور سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

 

یہ اتفاق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور ان کے قطری ہم منصب شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درمیان دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔

 

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی شراکت داری کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

 

اس موقع پر دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن اور استحکام سے متعلق امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔

 

قطر کی وزارتِ داخلہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن رضا نقوی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

 

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ داخلی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

 

قطری وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں