عمران خان رہائی فورس کا کوئی وجود نہیں،سہیل آفریدی
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ رہائی فورس سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی آئینی عدالت میں 8 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرا دیا، جس میں رہائی فورس کے وجود کی تردید کی گئی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کبھی قائم ہی نہیں ہوئی، جبکہ اصل مقصد بانی پی ٹی آئی رہائی امن تحریک ہے، جو پُرامن، غیر مسلح اور رضاکارانہ نوعیت کی تحریک ہے اور اس میں کسی مسلح ڈھانچے کا کوئی وجود نہیں۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ آئینی درخواست سیاسی مقاصد اور غلط بیانی پر مبنی، قبل از وقت، فرضی اور ناقابلِ سماعت ہے، جبکہ درخواست گزار بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عدالت سے استدعا کی کہ آئینی درخواست ابتدائی مرحلے پر خارج کی جائے اور بانی پی ٹی آئی رہائی امن تحریک کو آئینی و قانونی قرار دیا جائے۔ وفاقی آئینی عدالت نے اس کیس کی سماعت 29 جولائی کو مقرر کر رکھی ہے۔