Breaking News

29 جولائی سے 5 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

29 جولائی سے 5 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے 5 اگست 2026 کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے سندھ نے بھی صوبے میں بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست تک سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں تیز بارشوں کی توقع ہے، جبکہ خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، کشمور اور قمبر شہدادکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ٹھٹھہ، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

 

سلمان شاہ کے مطابق کئی اضلاع کے نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ نکاسی آب کے لیے پمپس اور مشینری پہلے ہی تیار رکھی گئی ہے۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں