ایک اداکارہ جیب کترے جیسی ہے،کنگنا کی نام لیے بغیر سوناکشی پر تنقید
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث خبروں میں آ گئی ہیں۔ کنگنا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ کسی کو اس کی جسمانی ساخت کی بنیاد پر شرمندہ نہیں کرتیں اور نہ ہی اس قسم کے رویے کی حمایت کرتی ہیں۔
تاہم اسی پوسٹ میں کنگنا نے ایک نامعلوم اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے لباس اور اندازِ گفتگو پر طنزیہ تبصرے کیے۔ انہوں نے لکھا کہ ایک اداکارہ ان دنوں ایسے لباس پہنتی ہیں اور اس انداز میں بات کرتی ہیں جیسے "جیب کترا" ہو، جبکہ وہ احتجاج کرنے والوں کے رویے کی بھی حمایت کر رہی ہیں۔
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ مذکورہ اداکارہ پہلے زیادہ باوقار انداز میں لباس پہنتی تھیں اور ان کی گفتگو بھی زیادہ سنجیدہ ہوتی تھی، لیکن اب ان کے انداز میں نمایاں تبدیلی آ گئی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ اپنے اسٹائل پر توجہ دیں، اور اگر انہیں مدد کی ضرورت ہو تو وہ اس سلسلے میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
کنگنا نے اپنی پوسٹ میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ ان کا اشارہ سوناکشی سنہا کی جانب ہو سکتا ہے۔
یہ قیاس آرائیاں اس لیے سامنے آئیں کیونکہ سوناکشی سنہا نے گزشتہ ماہ دہلی کے جنتر منتر میں ہونے والے طلبہ احتجاج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا تھا اور جنریشن زی (Gen Z) کی تعریف بھی کی تھی۔
ان ویڈیوز میں سے ایک میں سوناکشی سنہا ٹی شرٹ، شارٹس اور کیپ پہنے ہوئے طلبہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتی نظر آئی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ کنگنا کی حالیہ پوسٹ میں لباس اور احتجاج کی حمایت سے متعلق اشاروں کو متعدد صارفین نے سوناکشی سنہا سے جوڑ دیا، اگرچہ کنگنا نے کسی کا نام نہیں لیا۔