ٹیکسلا میں مبینہ غیر قانونی بلاسٹنگ، پہاڑی تودا گرنے سے 2 مزدور جاں بحق
راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا کے علاقے میں مارگلہ اور ملحقہ پہاڑیوں پر بلاسٹنگ اور کرشنگ کا مبینہ غیر قانونی دھندا جاری ہے، جہاں سالار گاہ پہاڑی پر بلاسٹنگ اور کرشنگ کے دوران پہاڑی تودا گرنے سے 2 محنت کش جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت زاہد اور صدام کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کرش مشین کے مالک جاوید ارشاد اور اس کے منشی منیر خان مبینہ طور پر غیر قانونی بلاسٹنگ میں ملوث تھے اور حادثے کے بعد دونوں مزدوروں کی لاشیں اپنے ساتھ لے کر موقع سے غائب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ریاست کی جانب سے سب انسپکٹر قیصر عباس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو 15 پر کال موصول ہوئی کہ سالار گاہ پہاڑی پر جاوید ارشاد کی کرش مشین کے لیے بلاسٹنگ کی جارہی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں بلاسٹنگ کے باعث پہاڑی گری ہوئی پائی گئی اور 2 مزدور جاں بحق ہوچکے تھے۔
مقدمے کے متن کے مطابق کرش مشین کے مالک جاوید ارشاد اور اس کے منشی منیر خان نے مبینہ طور پر غیر قانونی بلاسٹنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں مزدوروں کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف قتل بالسبب اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔