Pakistan

آزاد کشمیر: پونچھ ڈویژن میں پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیر: پونچھ ڈویژن میں پولنگ مکمل،  ووٹوں کی گنتی جاری
۱ منٹ پہلے

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

 

ضلع باغ کے تین حلقوں غربی باغ، وسطی باغ اور شرقی باغ میں انتخابات ہوئے، جبکہ ضلع حویلی کے واحد انتخابی حلقے میں بھی ووٹ ڈالے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی اور مجموعی طور پر ووٹرز نے پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

 

ضلع حویلی سے موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، جہاں ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز سے ہے۔ اس مقابلے کو پونچھ ڈویژن کا اہم ترین انتخابی معرکہ قرار دیا جارہا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے لیے انتخابی عملہ، سیکیورٹی اہلکار اور ضروری انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا تھا جبکہ انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

 

آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق سیکیورٹی وجوہات اور موجودہ حالات کے پیش نظر پہلے مرحلے میں باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 7 روز کے دوران راولاکوٹ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں بھی انتخابات کی تاریخ کا اعلان متوقع ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔

 

ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ میں 2021 کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد نے 25 ہزار 389 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار ان کا مقابلہ عوامی دست و بازو کے امیدوار سردار ساجد اقبال سے ہے جبکہ جماعت اسلامی نے بھی سردار ساجد اقبال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 

حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں 2021 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار تنویر الیاس نے 19 ہزار 825 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا قمر 14 ہزار 558 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس بار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ ضیا قمر پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن نے مشتاق منہاس اور جماعت اسلامی نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد خان کو میدان میں اتارا ہے، جس کے باعث حلقے میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔

 

باغ کے حلقہ ایل اے 16 شرقی میں گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار میر اکبر نے 23 ہزار 563 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمرالزمان 23 ہزار 267 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس بار سردار میر اکبر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں اور ان کا مقابلہ دوبارہ سردار قمرالزمان سے ہے۔

 

ضلع حویلی کہوٹہ کے حلقہ ایل اے 17 میں 2021 کے انتخابات میں موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے 30 ہزار 85 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری عزیز 25 ہزار 421 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس بار فیصل راٹھور کا مقابلہ چوہدری عزیز مرحوم کے بیٹے چوہدری محسن عزیز سے ہے، جبکہ ماضی میں پیپلز پارٹی سے وابستہ رہنے والے خواجہ طارق سعید بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔ اس حلقے کے نتائج پر پورے آزاد کشمیر کی نظریں مرکوز ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں