آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ: پاکستان نے چار تمغے جیت لیے
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار تمغے اپنے نام کر لیے۔
پرتگال کے شہر لزبن میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سب سے نمایاں کامیابی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے حاصل کی، جو مکسڈ ڈبلز میں مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گئے۔
اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بنا کر ٹاپ سیڈ پرتگالی جوڑی کو سخت مقابلے کے بعد فائنل میں شکست دی اور اپنے عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ یہ کامیابی تجربہ کار پاکستانی ٹینس کھلاڑی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
پاکستان کے لیے دوسرا بڑا اعزاز مینز 45 پلس ڈبلز میں اعصام الحق اور عقیل خان نے حاصل کیا، جہاں دونوں نے سلور میڈل جیتا۔
پاکستانی ٹیم نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد چار تک پہنچا دی۔