بھارت نے پاکستان ہائی کمیشن کا بیرونی سکیورٹی حصار ختم کردیا
بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق متنازع بیان پر پاکستان کے شدید احتجاج اور امریکی ناظم الامور کو ڈی مارش کیے جانے کے بعد بھارت نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کا بیرونی سکیورٹی حصار ختم کر دیا۔
موصولہ رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے باہر سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کی نگرانی اور حفاظت کے لیے نصب حفاظتی ستون بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔
ویزا سیکشن کے باہر قطاروں کے لیے بنایا گیا احاطہ بھی توڑ دیا گیا، تاہم بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے گرد سیکیورٹی انتظامات ہٹانے کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر پاکستان کے احتجاج کے بعد کی گئی۔
پاکستان نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو طلب کرکے بھارت میں امریکی سفیر کے غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیے گئے ریمارکس پر شدید احتجاج کیا تھا۔