آئی سی سی نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا ڈی میرٹ پوائنٹ ختم کر دیا
آئی سی سی نے قذافی سٹیڈیم لاہور کے ڈی میرٹ پوائنٹ کو ختم کر دیا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دے کر قذافی اسٹیڈیم لاہور کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جون میں کھیلے گئے میچز کی پچز سے متعلق پاکستان اور کینیڈا کی جانب سے دائر اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا۔
آئی سی سی کے اپیلز پینل نے میچ کی ویڈیوز، ریفریز کی رپورٹس اور کپتانوں کے مؤقف کا جائزہ لیا، جس پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے ڈی میرٹ پوائنٹ کو ختم کر دیا گیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے 4 جون کے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا گیا تھا، تاہم اپیلز پینل نے کہا ہے کہ پچ کی سطح پر غیر معمولی ناہمواری یا اضافی سپن موجود نہیں تھی۔
فیصلے کے بعد قذافی اسٹیڈیم کے ریکارڈ پر اب کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ نہیں رہا۔
دوسری جانب کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی 8 جون کی پچ کے خلاف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا۔
امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان اس میچ کی پچ کو پہلے ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا گیا تھا، لیکن پینل نے اسے معیار کے مطابق قرار دیا۔
تاہم 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے میچ کی ’ناقابلِ کھیل‘ قرار دی گئی پچ پر عائد 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رہیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق اس پچ کی صورتحال خطرناک تھی۔