Pakistan

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار
۱ منٹ پہلے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے، جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کر دی گئی۔

 

خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن کی 4 اور پیپلز پارٹی کی 3 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے حتمی فہرست جاری کر دی گئی۔ مسلم لیگ ن کی امیدواروں میں رفعت عابد، مریم زمان، سحرش قمر اور مریم ادریس شامل ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے فرزانہ یعقوب، شاہین کوثر ڈار اور زوبیہ خورشید کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے۔

 

علماء و مشائخ کی مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے محمد مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کے حافظ طارق کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے۔

 

اوورسیز پاکستانیوں کی مخصوص نشست کے لیے عبدالرحمان آرائیں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے۔ عبدالرحمان آرائیں اوورسیز کی نشست پر بلا مقابلہ رکنِ اسمبلی منتخب ہو گئے، کیونکہ ان کے مدِ مقابل کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

 

ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے سید افتخار علی گیلانی اور پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ ذوالفقار کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے۔

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔

 

دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 24 اگست 2026 کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن صدر آزاد جموں و کشمیر کی منظوری سے جاری کر دیا گیا۔

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 24 اگست کو دوپہر 2 بجے سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔

 

مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد 24 اگست کا قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی حلف برداری سمیت اہم آئینی و پارلیمانی امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

 

صدر آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں