مرزا فخر الاسلام عالمگیر بنگلہ دیش کے نئے صدرمنتخب
مرزا فخر الاسلام عالمگیر بنگلہ دیش کے نئے صدر منتخب ہو گئے۔بنگلہ دیشی پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں ارکان نے حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینیئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کیا۔
اگرچہ صدارت بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے، لیکن مرزا عالمگیر اب سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس ہی رہیں گے۔
78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔
یہ صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے گزشتہ ماہ اپنی 5 سالہ مدت پوری ہونے سے قبل ہی خرابیِ صحت کی بنا پر مستعفی ہونے کے باعث عمل میں آیا۔
بی این پی کے سینیئر رہنماؤں میں شمار ہونے والے مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے 2016 سے اپنی صدارتی نامزدگی تک پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ حسینہ واجد کے دورِ حکومت میں وہ اپوزیشن میں تھے، جس کی پاداش میں انہیں متعدد بار گرفتاریوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔