پنجاب، بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کی ہدایت
پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق واسا کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا ہدف دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔
مراسلے میں سرکاری و نجی ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے قوانین، قواعد و ضوابط اور معیار پر مکمل عمل کیا جائے، جبکہ تمام ہسپتال فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی راستوں و نقشوں اور عمارت کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے مکمل کیے جائیں اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہسپتالوں کی تفصیلات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو فراہم کی جائیں۔
مزید برآں، مراسلے میں ہسپتال انتظامیہ کو تربیت یافتہ عملے کی دستیابی اور باقاعدہ فائر سیفٹی ڈرلز یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔